لاس اینجلس(شِنہوا)امریکہ کی مغربی ریاست نیواڈا میں رینو ایئر ریسز کے دوران جیٹ طیارہ گر کر تباہ ہونے کے باعث ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔
امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے ایک ٹویٹ میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ نیواڈا میں رینو کے نزدیک ایرو ووڈوکوڈی ایل۔29 طیارے کے حادثے کی تحقیقات کر رہاہے۔
واشو کاؤنٹی کے شیرف دفتر نے ٹویٹ کیا کہ وہ 13945 ریڈ راک روڈ کے علاقہ میں ایئر ریس سے متعلق طیارہ حادثے پر کارروائی کر رہا ہے۔ شیرف دفتر نے عوام سے اس علاقے سے دور رہنے کی اپیل کی۔
ایس ٹی آئی ایچ ایل نیشنل چیمپئن شپ ایئر ریسز کا اہتمام کرنیوالی غیر منافع بخش تنظیم رینو ایئرریسنگ ایسوسی ایشن نے ٹویٹر پر تصدیق کی کہ حادثے میں صرف ایک طیارہ شامل ہے۔
تنظیم نے کہا کہ اس وقت ہم معلومات اکٹھی کر رہے ہیں اور آج جیٹ گولڈ ریس کے دوران پیش آنیوالے اس واقعے کی تفصیلات کی تصدیق کررہے ہیں، مزید بتایا کہ نیشنل چیمپئن شپ ایئر ریسز نے بدھ سے شروع ہو کر اتوار تک جاری رہنے والے ایونٹ 2022ء کیلئے اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔