نیویارک(شِنہوا) امریکہ میں چین کے نئے سفیر شیی فینگ نے واشنگٹن پر زور دیا ہے کہ وہ چین کے ساتھ بات چیت کو فروغ دینے ، اختلافات کو حل کرنے اور تعاون کو بڑھانے کے لیے کام کرے، تاکہ چین-امریکہ تعلقات صحیح راستے پر واپس آسکیں۔ جان ایف کینیڈی ہوائی اڈے پر پہنچنے پر شیی نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں کہا کہ صدر شی جن پھنگ کی طرف سے امریکہ میں 12ویں چینی سفیرکے طور پر ان کی تقرری میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی عوام کے نمائندے کے طور پر، وہ یہاں چین کے مفادات کا تحفظ کریں گے اور وہ اسے ایک مقدس ذمہ داری سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چینی عوام کے سفیر کے طور پر، وہ یہاں چین اور امریکہ کے درمیان تبادلوں اور تعاون کو بڑھانے کے لیے آئے ہیں اور وہ اسے اپنے اہم مشن کے طور پر لیں گے۔ شیی فینگ نے کہا کہ اس وقت چین اور امریکہ کے تعلقات کو شدید مشکلات اور چیلنجز کا سامنا ہے۔ میری تقرری کا مطلب میرے لیے نہ صرف اعزاز ہے بلکہ بہت بڑی ذمہ داریاں بھی ہیں۔ میں اور میرے ساتھی اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور تندہی اور استقامت کے ساتھ اپنے مشن کو پورا کریں گے۔