بیجنگ (شِنہوا) چین نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ چینی حکام پر عائد نام نہاد پابندیاں فوری طور پر ختم کرے اور تبت کے معاملات میں مداخلت کا سلسلہ بند کردے۔
چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب امریکہ نے تبت خود اختیار خطے میں خود ساختہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 اعلیٰ چینی حکام پر پابندیاں عائد کی ہیں۔
وانگ نے کہا کہ امریکہ نے چینی حکام پر مقامی قانون اور تبت میں نام نہاد انسانی حقوق کو بہانہ بناکر غیرقانونی پابندیاں لگائی ہیں جو چین کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کے قطعی منافی ہے۔ اس سے چین امریکہ تعلقات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین اس کی سختی سے مخالفت اور مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ کو دوسرے ممالک کے خلاف بلا جواز پابندیاں عائد کرنے کا کوئی حق نہیں اور نہ ہی اسے عالمی پولیس مین کا کردار ادا کرنے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے موثر اور نتیجہ خیزاقدامات کرے گا۔