تہران(شِنہوا) ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ کایمن میں حوثی باغیوں پر حملہ ایک "اسٹریٹجک غلطی" ہے، یہ اقدام تنازعات کا دائرہ وسیع اور خطے میں کشیدگی میں اضافہ کرسکتا ہے۔ وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر بدھ کوجاری ایک بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے گزشتہ روز نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ساتھ ملاقات میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بحیرہ احمر میں جہاز رانی اور بحری سلامتی کو برقرار رکھنے پر ایران کے موقف پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کا مقصد اسرائیل جانے والے بحری جہازوں کوروک کر اسرائیل کے جرائم اور غزہ میں شہریوں کے قتل کو روکنا ہے۔ غزہ میں معصوم اور نہتے لوگوں کے قتل کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ سربراہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حملوں کو روکنے کی ضرورت اور غزہ کے لیے امداد کی ترسیل میں سہولت فراہم کرنے پر زوردیا۔