بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ بارے سالانہ رپورٹ جاری کرنا ، ہانگ کانگ کے معاملات اور چین کے دیگر داخلی معاملات میں مداخلت کرنا فوری طور پر بند کرے۔
ترجمان ماؤ ننگ نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ہانگ کانگ پالیسی ایکٹ رپورٹ کے جواب میں کہا کہ ہانگ کانگ چین کا ایک خصوصی انتظامی علاقہ ہے ۔ہانگ کانگ کے معاملات خالصتاً چین کے اندرونی معاملات ہیں جن میں غیر ملکی مداخلت برداشت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ حقائق کو نظر انداز کرتے ہو ئے غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کرتی ہے اور چینی مرکزی حکومت اور ہانگ کانگ خصوصی انتظا می خطے کی حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرتی ہے۔
چین اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مضبوطی سے مسترد کرتا ہے۔
ماؤ نے کہا کہ ہانگ کانگ کی مادر وطن میں واپسی کے بعد سے "ایک ملک ، دو نظام" کی پالیسی پر عمل درآمد کیا گیا ہے جس کے تحت ہانگ کانگ کے عوام اعلیٰ درجے کی خودمختاری کے ساتھ ہانگ کانگ کے انتظامات کو چلاتے ہیں اور قانون کے مطابق ہانگ کانگ کے رہائشیوں کے حقوق اور آزادیوں کا مکمل تحفظ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکومت آئین اور بنیادی قانون کے مطابق کام کرتی ہے اور 'ایک ملک، دو نظام' کی پالیسی پر مکمل اور ایمانداری سے عمل درآمد پر قائم ہے۔
چین ہانگ کانگ میں قومی سلامتی کے تحفظ اور ہانگ کانگ کے انتخابی نظام کو بہتر بنانے کے لئے قانون سازی اور اس کا نفاذ کرتا ہے۔