• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

امریکہ، الاسکا ائرلائنز حادثہ کے بعد بوئنگ میکس 9 طیارے معائنہ کے لئے گراؤنڈ کردیئے گئےتازترین

January 07, 2024

سان فرانسسکو (شِنہوا) امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نے امریکی ایئرلائنز یا امریکی علاقے میں پرواز کرنے والے کچھ بوئنگ 737 میکس 9 طیاروں کو عارضی طور پر گراؤنڈ کرنے کا حکم دیا ہے۔

یہ حکم جمعہ کو فضا میں پیش آنے والے ایک سنگین واقعے کے بعد جاری کیا گیا تھا۔ دوران پرواز الاسکا ایئر لائنز کا طیارے کا ایک حصہ پھٹ گیا تھا جس نے امریکی ریاست اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ سے اڑان بھری تھی۔

ایف اے اے ایڈمنسٹریٹر مائیک وائٹکر نے کہا کہ ایف اے اے کچھ بوئنگ 737 میکس 9 طیاروں کو پرواز کی دوبارہ اجازت دینے سے قبل ان کی جانچ پڑتال کرنا چاہتی ہے۔ کیونکہ ہم الاسکا ایئر لائنز کی پرواز 1282 کے بارے میں نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی تحقیقات میں معاونت کررہے ہیں اس لئے یہ حفاظتی جانچ پڑتال ہمیں کسی نتیجہ پر پہچنے میں مدد کرے گی۔

ایف اے اے نے کہا کہ اس کی ایمرجنسی ایئر وردینیس ڈائریکٹوریٹ (ای اے ڈی) سے تقریباً 171 طیارے متاثر ہوں گے ۔ بوئنگ نے دنیا بھر میں مجموعی طور پر 218 میکس 9 طیارے فراہم کئے ہیں۔

ایف اے اے نے کہا کہ ای اے ڈی آپریٹرز مزید پروازوں  سے قبل ان طیاروں کا معائنہ کرنا چاہتی ہے جو ای اے ڈی کی وضاحت کردہ معائنہ طریقہ کار پر پورا نہیں اترتے۔

الاسکا ایئرلائنز نے جمعے کی شب اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تمام 65 بوئنگ 737 میکس 9 طیاروں کو معائنے کے لیے عارضی طور پر گراؤنڈ کررہی ہے۔

مختلف رپورٹس کے مطابق الاسکا ایئرلائنز کے بوئنگ 737 میکس 9 طیارے میں جمعے کو دھماکے سے ایک حصہ پھٹ گیا تھا جس سے مسافر کیبن میں ایک بڑا سوراخ بن گیا۔

پرواز کے 20 منٹ بعد طیارے کو واپس پورٹ لینڈ میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔ طیارے کی منزل کیلفورنیا کا شہر اونٹاریو تھی۔

الاسکا ایئر لائنز کے مطابق تمام 171 مسافر اور عملے کے 6 ارکان محفوظ رہے تاہم کچھ کو معمولی زخم آئے تھے۔