• Dublin, United States
  • |
  • Apr, 30th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

عالمی مالیاتی ڈھانچے خصوصاََ قرض نظام میں اصلاحات کی جائیں، سربراہ اقوام متحدہتازترین

April 16, 2024

اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی مالیاتی ڈھانچے اور خاص طورپر قرض سے متعلق اس کے نقطہ نگاہ میں "بڑے پیمانے کی اصلاحات" پر زور دیا۔

انہوں نے یہ اپیل قرضوں کی پائیداری اور سب کے لیے سماجی و اقتصادی مساوات کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطح کے موضوعاتی مباحثے میں کی۔جس سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پہلے ہفتہ برائے پائیداری کا آغازہوا۔

انہوں نے کہاکہ قرض میں شفافیت بڑھانے سے لیکر مقامی کرنسی میں قرض میں اضافے ، نئے قرض پروگرام کی تیاری اور تیز و منصفانہ تنظیم نو کے عمل تک ہمیں ممالک کے لئے نئے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت ہے جس کے ذریعے وہ بوقت ضرورت بااعتماد اور پائیدار انداز میں قرض لے سکیں۔

سربراہ اقوام متحدہ نے کہا کہ سب سے بڑھ کر یہ  کہ عالمی مالیاتی نظام اور ہر فیصلے میں ترقی پذیر ممالک کی نمائندگی میں اضافے کی ضرورت ہے۔ انہیں بلا تاخیر شاملِ بحث کیا جائے کیونکہ وہ اس کے حقدار ہیں۔

انتونیو گوتریس نے ترقی پذیر ممالک کے لیے  کم از کم 500 ارب امریکی ڈالر سالانہ کے آسان قرض کو عملی شکل دینے کی کوششوں پر بھی زور دیا جس پر عالمی رہنماؤں نے ستمبر 2023 میں ایس ڈی جی سربراہ اجلاس میں اتفاق کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بنیادی طور پر کثیر الجہتی ترقیاتی بینکوں (ایم ڈی بیز) کے ذریعے ارزاں اور طویل مدتی قرض کو تیزی سے بڑھانا ہوگا۔ انہوں ایم ڈی بیز پر دوبارہ سرمایہ کاری کرنے اور ضرورت مند ممالک کے لئے غیر استعمال شدہ خصوصی رقم کو استعمال میں لانے کا حق استعمال کرنے کا اپنا مطالبہ بھی دہرایا۔