• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 4th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

چین ترکمانستان کے ساتھ جامع اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے،وزیراعظمتازترین

January 07, 2023

بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیراعظم لی کھ چھیانگ نے گزشتہ روز بیجنگ میں ترکمانستان کے صدر سردار بردی محمدوف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم لی نے کہا کہ چین اور ترکمانستان کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی احترام اور مساوی سلوک کی بنیاد پر تعاون میں مثبت کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کو فائدہ پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین ترکمانستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو برقرار رکھنے، ترقیاتی حکمت عملیوں کو بہتر طور پر ہم آہنگ بنانےاور دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے جامع اور باہمی مفاد پر مبنی  تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ چین ترکمانستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کو فروغ دینے کے لیے مزید چینی کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے اور امید ہے کہ ترکمانستان  ایک سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے میں مدد کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام اور ترقی کو برقرار رکھنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی امور میں رابطوں اور ہم آہنگی کو مضبوط بنائیں گے۔

بردی محمدوف نے کہا کہ ان کا ملک  چین کے ساتھ سیاست، معیشت اور تجارت، توانائی، عوامی تبادلوں  اور دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے تیار ہے، تاکہ دونوں ممالک کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھایا جا سکے اور اس میں باہمی فائدہ مند تعاون کے نتائج کو بہتر طور پر حاصل کیا جا سکے۔