اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف کوشوں میں پاکستان کے لیےعالمی برادری سے وسیع پیمانے پرتعاون کا مطالبہ کیاہے۔
پاکستان میں 2022 کے سیلاب پر جنرل اسمبلی کو بریفنگ میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کو بین الاقوامی برادری کی جانب سے بڑے پیمانے پر تعاون کی ضرورت ہے اور وہ اس کا مستحق ہے۔ یہ ملک گرین ہاؤس گیسوں کے 1 فیصد سے بھی کم اخراج کا ذمہ دار ہے۔ لیکن اس کے لوگوں کے دیگر علاقوں کے لوگوں کے مقابلے میں موسمیاتی اثرات سے مرنے کے امکانات 15 گنا زیادہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی افراتفری اور ہمارے فرسودہ اور غیر منصفانہ عالمی مالیاتی نظام کا دوہرا شکار ہے جس نے درمیانی آمدنی والے ممالک کو موافقت اور لچک میں سرمایہ کاری کے لیے انتہائی ضروری وسائل تک رسائی سے روکا ہوا ہے۔اور یہ کہ سیلاب سے وہاں مجموعی طور پر تقریباً 1ہزار 700 افراد ہلاک ہوئے ، 80 لاکھ بے گھر اور 3کروڑ30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے۔
سیکرٹری جنرل نے بتایا کہ پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر، اقوام متحدہ نے فوری امداد اور تحفظ کے لیے81کروڑ60لاکھ ڈالر اکٹھے کرنے کامنصوبہ بنایا جس میں سے69 فیصد فنڈ فراہم ہوا ہے۔