اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 23 مارچ تحریک(ایم 23) باغی گروہ سے فوری طور پر دشمنی اور مزید پیش قدمی کو روکنے اور عوامی جمہوریہ کانگو(ڈی آر سی) میں تمام مقبوضہ علاقوں سے باغیوں کے انخلاء کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک اخباری بیان میں 15 رکنی کونسل نے شمالی کیوو میں ایم 23 کے حملوں کے دوبارہ آغاز اور عوامی جمہوریہ کانگو میں گوما شہر اور دیگر علاقوں کی جانب ایم 23 کی پیش قدمی کی مذمت کرتے ہوئے باغیوں کو خطے میں سلامتی اور استحکام کو خراب کرنے اور حالیہ انسانی صورتحال کو مزید بگاڑنے کا ذمہ دار ٹھہرایا۔
کونسل کے اراکین نے بے گھر افراد اور پناہ گزینوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین، خاص طور پر ایم 23 سے مطالبہ کیا کہ وہ ضرورت مندوں تک محفوظ ، بروقت اور بلا روک ٹوک انسانی رسائی کی اجازت دیں اور شہریوں کے خلاف کسی بھی قسم کے تشدد سے باز رہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے بھی مطالبہ کیا کہ انسانی بحران سے نمٹنے کیلئے عوامی جمہوریہ کانگو حکومت کی امداد میں اضافہ کیا جائے۔
بیان میں کونسل کے اراکین نے اپنی جانب سے اعتماد کی بحالی، اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے اور پائیدار امن و سلامتی کے حصول کیلئے علاقائی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔