اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آٹزم کے شکار افراد کے حقوق کو فروغ دینے کے لیے کوششوں میں اضافے پر زور دیا ہے۔
2اپریل کو آٹزم سے آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اہم پیش رفت کے باوجود،معذور افراد کے حقوق کے کنونشن اور پائیدار ترقی کے ایجنڈا 2030 کے مطابق، آٹزم کے شکار افراد کو اپنے حقوق اور بنیادی آزادیوں کے مکمل حصول میں سماجی اور ماحولیاتی رکاوٹوں کا سامنا ہے گوتریس نے کہا کہ ہمیں جامع تعلیم، مساوی روزگار کے مواقع، خود ارادیت اور ایک ایسے ماحول کو فروغ دے کر جہاں ہر شخص کا احترام کیا جائے اس حوالے سے بہتری لانا ہوگی۔ ان کوششوں کے ساتھ ساتھ ہمیں آٹزم کے شکار افراد کی زندگیوں میں خاندانوں، دیکھ بھال کرنے والوں اور سپورٹ نیٹ ورکس کے کردار کا بھی اعتراف کرنا ہوگا۔ معاشرے میں آٹزم کے شکار افراد کی فعال اور متنوع شراکت کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب کے لیے ایک جامع اور قابل رسائی دنیا کی تعمیر کے لیے آٹزم کے شکار افراد کے ساتھ مل کر کام کریں۔