اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی امور کے سربراہ مارٹن گریفتھس نے جنوبی سوڈان میں تشدد اور شدید سیلاب سے متاثرہ 2 لاکھ 62 ہزار 521 شہریوں کی براہ راست مدد کیلئے سنٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ(سی ای آر ایف) سے 1 کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر جاری کر دیے ہیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے دفتر او سی ایچ اے نے بتایا کہ ایک کے بعد ایک لگاتار لگنے والے دھچکوں سے انتہائی کمزور طبقوں پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
جنوبی سوڈان کیلئے انسانی ہمدردی کی رابطہ کار سارہ بیسولو نیانتی نے بتایا کہ یہ فنڈنگ جنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کی ایجنسیوں کی سرگرمیوں کے ذریعے لوگوں کی غربت اور تحفظ کے خطرات کو کم کرنے میں مدد کرے گی۔
یو این نیوز کے مطابق پروگرام کو نافذ العمل کرنیوالے اداروں میں انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن، یو این چلڈرن فنڈ، ورلڈ فوڈ پروگرام اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن شامل ہیں جو ایسے لوگوں تک امداد پہنچائیں گے جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مختص کی جانیوالی نئی فنڈنگ سے یونٹی ، بالائی نیل ، شمالی بحرالغزل، جونگلی اور واراپ ریاستوں کے ساتھ ساتھ انتظامی علاقے ابیی کے رہائشی افراد مستفید ہونگے۔