اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان میں شہریوں کو نشانہ بنانے والے مسلسل گھناؤنے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس میں پیر کو افغان وزارت خارجہ کے قریب ایک حملہ بھی شامل ہے جس میں کم سےکم چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
ایک پریس بیان میں سلامتی کونسل کے ارکان نے متاثرین کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہر قسم کی دہشت گردی افغانستان کے ساتھ ساتھ دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔
کونسل کے اراکین نے دہشت گردی کی ان قابل مذمت کارروائیوں کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونت کرنے والوں اورسپانسرز کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی جہاں بھی، جب بھی اور جس نے بھی کی ہو، محرکات سے قطع نظر مجرمانہ اور بلاجواز ہے۔
کونسل کے اراکین نے تمام ملکوں کی طرف سے دہشت گرد کارروائیوں سے پیدا ہونے والے بین الاقوامی امن اور سلامتی کو لاحق خطرات کا مقابلہ کرنے کی ضرورت کا بھی اعادہ کیا۔