• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 18th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ کی شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کی مذمت، بڑھتی کشیدگی میں تحمل پر زورتازترین

April 03, 2024

اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ نے دمشق میں ایران کے قونصل خانے کے سفارتی احاطے پر اسرائیلی میزائل حملے کی مذمت کی ہے جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا۔

اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل خالد خیری نے شام میں ایرانی قونصل خانے پر اسرائیلی حملے سے متعلق سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کو بتایا کہ ایران نے آگاہ کیا ہے کہ اس حملے میں "سینئر فوجی مشیروں" سمیت کم از کم پانچ ایرانی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔ حملے میں مجموعی طور پر 13 افراد لقمہ اجل بنے جن میں 6 شامی باشندے بھی شامل ہیں۔

خیری نے کہا کہ "سفارتی اور قونصلر احاطے کی خلاف ورزی " اور "رکن ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت" کے لازمی احترام پر بڑھتے ہوئے خدشات قابل تشویش ہیں۔

شام کی صورتحال بیان کرتے ہوئے خیری نے کہا کہ یہ اب بھی سنگین ہے "6 غیر ملکی افواج اس کی سرزمین پر برسرپیکار ہیں " جو شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کرکے پرامن حل کو مزید دور کررہی ہیں۔

خیری نے بطور خاص شام میں ایران سے وابستہ اہداف پر "بڑھتے مہلک حملوں" پر روشنی ڈالی، جس کا ذمہ دار اسرائیل ہے اور اس میں 7 اکتوبر کو غزہ میں حماس کے ساتھ تنازع کے آغاز کے بعد سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے تمام متعلقہ فریقوں کو فعال طور پر شامل ہونے کی درخواست کا مقصد مزید کشیدگی اور علاقائی عدم استحکام سے بچنا ہے۔

انہوں نے عالمی قوانین بشمول شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں شہری آبادی کو "تباہ کن نتائج" اور بڑے تنازع کی جانب بڑھنے سے روکنے کے لئے "انتہائی تحمل" اور عالمی قوانین کی پاسداری ضروری ہے۔ کیونکہ یہ آبادی پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے۔

ایران نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اسرائیلی فضائی حملے پر غور و خوض کے لیے ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے جس کی روس نے حمایت کی ہے۔