اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل امینہ محمد نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وسائل کا رخ جنگ کی بجائے امن اور پائیدار ترقی کے اقدامات کی جانب موڑاجائے۔
پائیدار ترقی کے حوالے سے اعلی سطحی سیاسی فورم( ایچ ایل پی ایف) کے وزارتی اجلاس میں سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی نمائندگی کرتے ہوئے امینہ محمد نے کمزور ہوتے ہوئے پائیدار ترقی کے اہداف( ایس ڈی جیز) کو بچانے کے لیے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ، سوڈان، یوکرین اور دنیا کے دیگر خطوں میں جاری تنازعات سے تباہ کن جانی نقصان ہو رہا ہے جس سے سیاسی توجہ اور وسائل غربت کے خاتمے اور موسمیاتی تباہی کو روکنے کی ہنگامی کوششوں سے ہٹ رہے ہیں۔
انہوں نے فوجی بجٹ کو کم کرنے اور فنڈز کو امن اور ترقی کی طرف منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایس ڈی جیز کی نازک صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے، امینہ محمد نے کہا کہ 2030 کی مقررہ تاریخ قریب ہے اور اہداف کے حصول کی جانب صرف 17 فیصد پیش رفت ہورہی ہے۔مستقبل کی نسلوں کے پائیدار مستقبل کے لیے 17 فیصد سے زیادہ پیش رفت ضروری ہے۔
سیاسی اور مالی وسائل کا رخ تنازعات سے ترقی کی کوششوں کی طرف موڑ نے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلا قدم امن کا قیام ہے۔
انہوں نے ماحول دوست اور ڈیجیٹل منتقلی میں پیش رفت کی اہمیت کے ساتھ ممالک پر زور دیا کہ وہ 2025 تک اپنے آب و ہوا کے ایکشن پلان میں اضافہ اور انہیں پیرس معاہدے کے مطابق 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔