اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ نے خشک سالی سے متاثرہ افریقی ملک زیمبیا کے لیے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے چیف ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ اپیل کے تحت 22کروڑ80لاکھ ڈالر رقم سے زیمبیا کے خشک سالی سے متاثرہ 46لاکھ افراد کو دسمبر تک مدد فراہم کی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ زیمبیا کو 40 سے زائد سالوں میں خشک ترین زرعی موسم کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے فصلوں کو نقصانات، مویشیوں کی اموات اور غربت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈوجارک نے کہا کہ ملک میں 20 لاکھ ہیکٹرپرکاشت کی گئی مکئی کی تقریباً نصف فصل خشک سالی کی وجہ سے تباہ ہو گئی ہے اور حکام کے مطابق اس سال اناج کی پیداوار میں تقریباً 50 فیصد کمی کا تخمینہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ زیمبیا حکومت کے مطابق 90 لاکھ سے زیادہ ملک کی تقریباً نصف آبادی خوراک کی قلت کا شکار ہے جنہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی ضرورت ہے۔