اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 78 ویں اجلاس کی عمومی بحث اختتام پذیر ہوگئی ۔جس کے دوران عالمی رہنماؤں نے کہا کہ اقوام متحدہ انسانیت کو درپیش چیلنجوں کے حل کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔
جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس نے اپنے اختتامی کلمات میں دنیا میں امن، خوشحالی اور پائیداری لانے کے لیے اقوام متحدہ کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی توجہ موجودہ وقت کے اجتماعی چیلنجز پر مرکوز ہے۔
ابتدائی اعداد و شمارکے مطابق رواں سال کے ایک ہفتہ طویل اجلاس میں وبا کے آغاز کے بعد سے نیویارک میں یہ عالمی رہنماؤں کا ذاتی حیثیت میں سب سے بڑا اجتماع تھا۔
اجلاس میں تقریباً 88 سربراہان مملکت، 42 سربراہان حکومت اور 650 سے زائد وزراء نے شرکت کی ۔ اعلیٰ حکام نے اس بڑے پیمانے پر ٹرن آؤٹ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 2ہزار سے زیادہ دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔
19 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں عام بحث کا آغاز ہوا، جس میں موجودہ مشکل وقت میں عالمی اعتماد اور یکجہتی کی بحالی پر توجہ مرکوز کی گئی۔ گزشتہ ہفتے کے دوران، ریاستی اور حکومتی سربراہان نے موسمیاتی تبدیلی کے فوری خطرے سے لے کر مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال کے خدشات تک کئی چیلنجز کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے مرکزی کردار اور ادارے کو اس مقصد کے لیے موزوں بنانے کے لیے اصلاحات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔