موغادیشو(شِنہوا) اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی نے صومالیہ میں شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے 2کروڑ50لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔
اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر برائے انسانی امور (او سی ایچ اے) نے کہا کہ فنڈز سے جانی نقصانات اور بیماریوں کے پھیلنے کو روکنے، اور غذائی عدم تحفظ کو دور کرنے کی کوششوں کو مدد ملے گی۔
او سی ایچ اے نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے وقت میں جب تمام ممکنہ امدادی اقدامات پر عمل کیا جا رہا ہے، اس شدت کے سیلاب کے نقصانات کو صرف کم کیا جا سکتا ہے اسے روکا نہیں جا سکتا۔
دوسری جانب صومالیہ کی حکومت اور اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کے جنوبی حصے میں سیلابی پانی میں پھنسے 2ہزار400 سے زائد متاثرین کو نکالنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
اقوام متحدہ اور اس کے شراکت داروں کا اندازہ ہے کہ موجودہ برساتی موسم (اکتوبر سے دسمبر) میں سیلاب سے 16لاکھ لوگ متاثر اور 15 لاکھ ہیکٹر زرعی زمین ممکنہ طور پر تباہ ہو سکتی ہے۔