اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کی جانب سے خوراک، صاف پانی اور دیگر ہنگامی امدادی سامان کی فراہمی کے ساتھ تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی امداد کا سلسلہ جاری ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی معاون ترجمان ایری کانیکو نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ اقوام متحدہ کی ٹیم نے امدادی اداروں کے ساتھ مل کرسیلاب سے متاثرہ 3 لاکھ لوگوں کو خوراک اور 55ہزار لوگوں کو صاف پانی کی امداد فراہم کی ہے۔کانیکو نے کہا کہ ہمارے امدادی کارکنوں نے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 14 موبائل کلینک بھی قائم کیے ہیں۔اس کے علاوہ، اقوام متحدہ کی ٹیم اور امدادی شراکت داروں نے 71ہزار سے زیادہ ہنگامی امدادی اشیا جن میں خیمے، پلاسٹک کی ترپالیں، کھانا پکانے کے چولہے، کمبل، شمسی لیمپ اور چٹائیاں شامل ہیں، متاثرین اور ان کو پناہ دینے والوں کو فراہم کی ہیں۔کانیکو نے کہا کہ امداد ی سامان کی ترسیل اور متاثرہ افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی میں بڑی رکاوٹ درپیش ہے کیونکہ سیلاب سے مجموعی طور پر 5 ہزار کلومیٹر سے زیادہ سڑکیں اور 243 پل تباہ یا متاثر ہو چکے ہیں۔