اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ میں جاری لڑائی کے چھ ماہ مکمل ہونے پر بریفنگ دی گئی، جس میں غزہ کے سنگین انسانی بحران کو اجاگر کرتے ہوئے فوری عالمی ردعمل کا مطالبہ کیا گیا۔
لڑائی کو"مصائب اور غم کے چھ ماہ" قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ دفتر برائے رابطہ انسانی امور کے کوآرڈینیشن ڈویژن کے ڈائریکٹر رمیش راجاسنگھم نے غزہ کے لوگوں کو لڑائی شروع ہونے کے بعد سے درپیش ہولناک صورتحال کی تفصیل بتائی۔ انہوں نے کہا کہ 32ہزار سے زیادہ ہلاکتوں اور 75ہزار زخمیوں کے ساتھ، صورت حال نازک موڑ پر پہنچ گئی ہے، جس میں بچے اور خواتین غیر متناسب طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ غزہ میں شہریوں کو کوئی تحفظ حاصل نہیں ہے اور معصوم جانوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی مداخلت کی اشد ضرورت ہے، نقل مکانی کی صورتحال بھی انتہائی خوفناک ہے، جس میں 17لاکھ افراد جو غزہ کی 75 فیصد آبادی ہے،بے گھر ہونے پر مجبورہوگئی ہے۔