اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ نےسفارتی تعلقات دوبارہ شروع کرنے کے سعودی ایران معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عمل میں چین کے کردار کی تعریف کی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے معمول کی پریس بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ سکریٹری جنرل کی جانب سے سعودی عرب، اسلامی جمہوریہ ایران اور عوامی جمہوریہ چین کے مشترکہ سہ فریقی بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں جس میں دو ماہ کے اندر سفارتی تعلقات کی بحالی کیلئے بیجنگ میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے ان حالیہ مذاکرات کی میزبانی کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کو فروغ دینے پر عوامی جمہوریہ چین کی تعریف کی ہے جبکہ اس حوالے سےعمان اور عراق جیسے دیگر ممالک کی کوششیں بھی قابل ستائش ہیں۔
ایران اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار ہمسائیگی پر مبنی تعلقات کو خلیجی خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے ڈوجارک نے کہا کہ سیکریٹری جنرل علاقائی مذاکرات کو مزید آگے بڑھانے اور خلیجی خطے میں پائیدار امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہیں۔