اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ (یو این) کی سلامتی کونسل نے مارچ 23تحریک (ایم 23) کے باغیوں سے جمہوریہ کانگو کے تمام مقبوضہ علاقوں سے انخلاء کے مطالبے کی تجدیدکرتے ہوئے تمام مسلح گروپوں کو غیر مسلح کرنے کی درخواست کی ہے۔
ایک پریس بیان میں کونسل کے اراکین نے جمہوریہ کانگو میں شمالی کیوو صوبے میں ایم 23 تحریک کے حملوں کے حالیہ سلسلے اور باغی گروپ کی پیش قدمی کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے افریقی یونین کی توثیق شدہ لوانڈا معاہدے کے تحت دشمنی پر مبنی سرگرمیوں کے فوری خاتمے اورایم 23تحریک کی طرف سے مزید پیش قدمی روکنے اور تمام مقبوضہ علاقوں سے اس کے انخلاء کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
گزشتہ نومبر میں انگولا کے دارالحکومت لوانڈا میں ہونے والی ایک چھوٹی سربراہ کانفرنس میں افریقی رہنماؤں نے شمالی کیوو میں فوری جنگ بندی، مقبوضہ علاقوں سے ایم 23تحریک کے فوری انخلاء، اور غیر ملکی مسلح گروہوں کی تخفیف اسلحہ اور وطن واپسی پر اتفاق کیا تھا۔
بیان میں 15 رکنی کونسل نے اتحادی ڈیموکریٹک فورسز اور کوآپریٹو فاردی ڈیولپمنٹ آف کانگو کے باغیوں کی طرف سے جمہوریہ کانگوکے ایتوری اورشمالی کیوو صوبوں میں شہریوں پر حالیہ حملوں کی بھی شدید مذمت کی۔
جمہوریہ کانگوکا مشرقی حصہ کئی دہائیوں سے ملیشیا گروپوں، خاص طور پر اے ڈی ایف اورایم 23 کے باغیوں کی وجہ سے شورش کا شکار ہے۔
کونسل کے ارکان نے مطالبہ کیا کہ مسلح گروپوں کے تمام ارکان کو فوری اور مستقل طور پر ختم کیا جائے، ہتھیار ڈال دیے جائیں، تشدد کو مسترد کیا جائے، خواتین اور بچوں کے خلاف ہونے والی خلاف ورزیوں کو ختم کیا جائے اور بچوں کو ان کی قید سے رہا کیا جائے۔
انہوں نے غیر ملکی مسلح گروپوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے آبائی ممالک کو واپس جائیں۔
بیان میں کونسل کے اراکین نےجمہوریہ کانگو کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔