اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رفح میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرئیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں 45 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈو جارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے اسرائیلی حملے کی انتہائی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،انہیں حملے میں بچوں سمیت جاں بحق اور زخمی ہونیوالے افراد کی تصاویر دیکھ کر سخت صدمہ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ گوتریس پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ اس ہولناکی اور مصائب کو فوری طور پر روکنا چاہیے انہوں نے فوری جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کے اپنے مطالبے کو دہرایا۔انہوں نے عالمی عدالت کے حالیہ حکم کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی مکمل پابند ی اور تعمیل کی جانی چاہیے۔
عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح پر فوجی کارروائی روکنے کا حکم دیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام ضرورت مندوں کو انسانی امداد کی فوری، محفوظ اور بلا روک ٹوک ترسیل کی اجازت دیں، سہولت فراہم کریں اور تمام گزرگائیں کھلی رکھنے کو یقینی بنائیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کو غزہ کے تمام ضرورت مند شہریوں تک پہنچنے کے لیے مکمل، تیز رفتار، محفوظ اور بلا روک ٹوک رسائی ہونی چاہیے۔