اقوام متحدہ(شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھرکے تمام لوگوں کو سستے گھروں کی فراہمی کے لیے کوششوں پر زور دیا ہے۔ 3اکتوبر کو عالمی یوم مسکن کے موقع پراپنے پیغام میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ ہمیں بجلی، پانی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی خدمات تک رسائی کے ساتھ سب کو سستی رہائش فراہم کرنے کے لیے مزید فوری اقدامات اور زیادہ سرمایہ کاری کی ضرورت ہے - گوتریس نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا شدہ افراتفری اور تنازعات سے لے کر کوویڈ-19 کی صورت میں متعدد چیلنجز سب سے زیادہ کمزورمعاشروں کو نشانہ بنا رہے ہیں ،سب سے مشکل ،تیز رفتار اوربغیر کسی منصوبہ بندی کے شہروں کے پھیلاو میں اضافےنے بہت سے چیلنجز کو گھمبیر بنادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1 ارب سے زیادہ لوگ گنجان ترین بستیوں میں رہائش پزیرہیں جہاں رہائش کی ناکافی سہولیات ہیں اور یہ تعداد ہر روز بڑھ رہی ہے۔ یواین سیکرٹری جنرل نے کہا کہ دنیا میں کوئی پیچھے نہ رہے پائیدار ترقی کے 2030 کے ایجنڈے کا بنیادی وعدہ ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ شہروں کو خواتین اور بچوں کے لیے محفوظ بناتے ہوئے امیر اور غریب،شہری اور دیہی علاقوں اورترقی یافتہ اور ترقی پذیر علاقوں کے درمیان پائی جانے والی موجودہ عدم مساوات کو ختم کرنا ہے۔