• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 11th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ کے سربراہ کا سوڈان کے متحارب دھڑوں کی طرف سے شہریوں اور امدادی سرگرمیوں کے تحفظ کے وعدے کا خیرمقدمتازترین

May 14, 2023

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سوڈان میں متحارب دھڑوں کی جانب سے شہریوں اور انسانی امداد کی فراہمی کے تحفظ کے عہد پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔

گوتریس کے چیف ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ سیکرٹری جنرل سوڈان میں تنازع کے فریقین کی جانب سے شہریوں کے تحفظ اور ملک میں انسانی امداد کی محفوظ گزر گاہ کی ضمانت کے عزم کے اعلان پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ڈوجارک نے کہا کہ سوڈان میں انسانی ہمدردی کے کارکنان خاص طور پر مقامی شراکت داروں نے انتہائی مشکل حالات میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں جبکہ سیکرٹری جنرل نے اس حوالے سے امید ظاہر کی ہے کہ  یہ اعلامیہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ سوڈان میں لاکھوں لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے امدادی کارروائیوں کو تیزی سے اور محفوظ طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے گا۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سربراہ نے فوری جنگ بندی اور اشتعال انگیزی کے مستقل خاتمے کے لیے بات چیت کو بڑھانے کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا۔

سعودی بندرگاہی شہر جدہ میں تقریباً ایک ہفتے تک جاری رہنے والی بات چیت کے بعد متحارب سوڈانی فوج اور پیرا ملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز نے جمعرات کو اس اعلامیے پر دستخط کیے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ اعلامیے  پر عمل درآمد میں مدد کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑے گا اور سوڈان میں جنگ بندی  سے قطع نظرانسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔