قاہرہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ کی پٹی سے متصل رفح سرحدی راہداری کے مصری حصے کا دورہ کیا اور محصور فلسطینی علاقے میں فوری جنگ بندی سے متعلق اپنا مطالبہ دہرایا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے سرحدی راہداری پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی ضرورت اب پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ بندوقوں کو خاموش کیا جائے۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کے جاری بڑے پیمانے پر حملوں میں اب تک 32 ہزار 142 افراد جاں بحق اور 74 ہزار 412 زخمی ہوچکے ہیں۔
اسرائیلی جارحیت 7 اکتوبر 2023 کو غزہ سے ملحقہ اسرائیلی قصبوں پر حماس کے حملوں کے جواب میں جاری ہے ، حماس نے تقریباً 1 ہزار 200 اسرائیلیوں کو ہلاک اور 200 سے زائد کو یرغمالی بنالیا تھا۔
انتونیو گوتریس نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ حماس کے 7 اکتوبر کو ہونے والے حملے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی فلسطینی عوام کو اجتماعی سزا دینے کو درست قرار دیا جاسکتا ہے۔
گزشتہ برس اکتوبر کے آخر سے رفح سرحدی راہداری مصر اور دیگر ممالک کے علاوہ مقامی اور عالمی تنظیموں کے غزہ کو عطیہ کردہ انسانی امداد کی ترسیل کے لیے ایک شہ رگ کے طور پر کام کررہی ہے۔
گوتریس نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی بچے، خواتین اور مرد ناختم ہونے والی مشکلات کا شکار ہیں جہاں بستیاں ختم ، گھرمسمار اور پورے خاندانوں اور نسلوں کاخاتمہ کیا گیا ہے جبکہ بھوک اور فاقہ کشی سے باقی آبادی متاثر ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ غزہ میں امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مصر کے ساتھ ملکر کام جاری رکھے گی جبکہ غزہ کے عوام کی مدد میں مصر کی مکمل شرکت قابل تعریف ہے۔
گوتریس نے افسوس کا اظہار کیا کہ غزہ کا موجودہ اسرائیلی محاصرہ مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان کے دوران بھی جاری ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ "مجھے یہ جان کر شدید تشویش ہوئی ہے کہ غزہ میں بڑی تعداد میں لوگوں کو روزہ افطار کرنے کے لیے مناسب کھانا دستیاب نہیں ہے"۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں فلسطینی جان لیں کہ آپ اکیلے نہیں ہیں اور دنیا بھر کے لوگوں میں اس ہولناکی پر غم و غصہ پایا جاتا ہے۔