• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 12th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ کے سربراہ کا نائجر کے صدر کے حالات زندگی، اہلکاروں کی حراست پر اظہار تشویشتازترین

August 11, 2023

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ان اطلاعات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ نائجر کے صدر کو افسوسناک حالات میں رکھنے کے علاوہ  حکومتی ارکان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ صدارتی گارڈ کے ارکان نے مبینہ طور پر صدر محمد بازوم اور ان کے خاندان کو پانی، خوراک، ادویات اور بجلی تک رسائی کے بغیر رکھا ہوا ہے۔

فرحان حق نے کہاکہ سیکرٹری جنرل نائجر کے صدر اور ان کے خاندان کی صحت اور حفاظت پر اپنی تشویش کا اعادہ کرتے ہوئےایک بار پھران کی فوری،غیرمشروط رہائی اور ریاست کے سربراہ کے طورپران کی بحالی کامطالبہ کرتے ہیں۔

  صدارتی گارڈ نے 26 جولائی کو محمد بازوم اور ان کے خاندان کو حراست میں لے کر کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ گوتریس کو متعدد حکومتی ارکان کی گرفتاری کے بارے میں مسلسل اطلاعات  پر بھی تشویش ہے اور وہ فوری طور پر ان کی غیر مشروط رہائی اور نائجر کی جانب سے بین الاقوامی انسانی حقوق کی ذمہ داریوں پر سختی سے عمل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

تاہم فرحان حق نے کہا کہ نائجر کے لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی کوششوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے جبکہ  اقوام متحدہ کے انسانی امور کے رابطہ دفتر (او سی ایچ اے ) کی رپورٹ کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔