اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بیت المقدس کی مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی تشدد پر دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
سکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے مسجد اقصیٰ کادوسرا نام استعمال کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے بیت المقدس کی القِبلی مسجد کے اندر اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی جانب سے تشدد اور مار پیٹ کی آج صبح کی تصاویر دیکھ کرغم و تشویش کا اظہارکیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ یہودیوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کے لیے سال کا یہ وقت مقدس ہے جو تشدد نہیں بلکہ امن کا وقت ہونا چاہیے۔ عبادت گاہوں کو صرف پرامن مذہبی عبادات کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔
مشرق وسطیٰ کے امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی کوآرڈینیٹر ٹور وینز لینڈ نے بدھ کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ مسجد کے اندر تشدد کی تصاویر دیکھ کر حیران ہیں۔ وینز لینڈ نے کہا کہ انہیں اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں فلسطینیوں پر تشدد اور بڑی تعداد میں انکی گرفتاریوں پر تشویش ہے۔