اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل اور لبنان کو الگ کرنے والے بفر زون بلیو لائن پر بڑھتی ہوئی کشیدہ صورتحال اور لبنانی حکام کی جانب سے اسرائیلی حملوں میں بچوں اور خواتین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے کی جانیوالی اس شدید بمباری کے دوران ہزاروں افراد کے بے گھر ہونے پر بھی اقوام متحدہ کے سربراہ نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل پر مسلسل حملوں سے بھی شدید پریشان ہیں، اقوام متحدہ کے سربراہ نے بلیو لائن کے دونوں اطراف اقوام متحدہ کے اہلکاروں سمیت شہریوں کے تحفظ پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور جانی نقصان کی شدید مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گوتریس نے کشیدگی میں فوری کمی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام کوششیں سفارتی حل کے لیے وقف کی جائیں۔ انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ شہریوں اور بنیادی ڈھانچے کا تحفظ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انہیں نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے تمام فریقین کو اقوام متحدہ کے تمام اہلکاروں اور اثاثوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کی اپنی ذمہ داری کی یاد دہانی کراتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 (2006) پر مکمل عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کریں اور استحکام کی بحالی کے لئے فوری طور پر جنگ بندی کی طرف لوٹیں۔