اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سربراہ انتو نیو گوتریس نے ہر سال 29 اگست کو منائے جانیوالے جوہری تجربات کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں عالمی بہتری کیلئے جوہری تجربات پر پابندی لگانے کامطالبہ کیا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 8 دہائیوں کے دوران دنیا بھر کے 60 سے زیادہ مقامات پر 2 ہزار سے زیادہ جوہری تجربات کئے گئے ہیں جس سے تباہی ہوئی ہے، یہ علاقے ناقابل رہائش ہو گئے ہیں اور لوگوں کیلئے طویل المدتی صحت کے مسائل پیدا ہوئے ہیں۔
انہوں نے متنبہ کیا جوہری تجربات کو دوبارہ شروع کرنے کے حالیہ بیانات ظاہر کرتے ہیں ماضی سے ملنے والے خوفناک سبق کونظر انداز کیا جا رہا ہے۔
جوہری تجربات کے خلاف عالمی دن کے موقع پر دنیا کو یک آواز ہونا چاہیے تاکہ اس عمل کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔
انتونیو گوتریس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جامع جوہری تجربات پر پابندی کا معاہدہ تمام جوہری تجربات پر پابندی کا واحد ذریعہ اور ایک لازمی قابل تصدیق سکیورٹی ٹول ہے تاہم ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ جوہری تجربات کے متاثرین اور آنے والی نسلوں کے نام پر میں ان تمام ممالک سے مطالبہ کرتا ہوں جن کی توثیق اس معاہدے پر عمل درآمد کے لیے ضروری ہے کہ وہ فوری اور غیر مشروط طور پراس معاہدے کی توثیق کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام کے آخر میں کاہ کہ '' آئیے انسانیت کے لئے اس امتحان میں کامیاب ہوں اورعالمی بہتری کیلئےجوہری تجربات پر پابندی لگائیں''۔