اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ تک فوری اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی رسائی اور حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی پر زور دیاہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس ڈرامائی لمحے میں جہاں ہم مشرق وسطیٰ میں گہری کھائی کے دہانے پر ہیں، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے یہ میرا فرض ہے کہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دو مضبوط اپیلیں کروں۔
انہوں نے کہا کہ حماس کی طرف سے یرغمالیوں کو غیر مشروط طور پرفوری رہا کیا جانا چاہیے جبکہ اسرائیل کو غزہ میں شہریوں کے لیے انسانی امداد اور کارکنوں کے لیے فوری اور بلا رکاوٹ رسائی دینی چاہیے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ دونوں مقاصد جائز ہیں اور ان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے پاس خوراک، پانی،غیرغذائی اشیاء،طبی سامان اور ایندھن کا ذخیرہ موجود ہے جو مصر، اردن، مغربی کنارے اور اسرائیل میں موجود ہے۔ یہ سامان چند گھنٹوں میں بھیجا جاسکتا ہے۔