• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

اقوام متحدہ کے سربراہ کا آبادی اور ترقیاتی پروگرام میں سرمایہ کاری تیز کرنے پر زورتازترین

July 02, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے  جنسی اور تولیدی حقوق کی غیرمساویانہ ترقی کا حوالہ دیتے ہوئےاقوام متحدہ کے آبادی اور ترقی کے پروگرام میں سرمایہ کاری تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

عالمی یوم آبادی  جو ہر سال11 جولائی کو منایا جاتا ہے ،کے حوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ سال انٹرنیشنل کانفرنس آن پاپولیشن اور ڈیویلپمنٹ(آئی سی پی ڈی) پروگرام آف ایکشن کی 30 ویں سالگرہ کا سال ہے اور اس سال کو ہمیں اپنے وعدوں کو حقیقت میں تبدیل کرنے کیلئے  کوششوں اور سرمایہ کاری کو تیز کرنے کے عزم کے طور پر بھی منانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ  آئی سی پی ڈی پروگرام آف ایکشن کا مرکزی نقطہ  اس بات کو تسلیم کرنا ہے کہ خواتین کی جنسی اور تولیدی صحت اور حقوق پائیدار ترقی کیلئے سنگ بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا  کہ جب سے یہ پروگرام شرو ع ہوا ہے پیشرفت ہوئی ہے، زیادہ خواتین کوجدید مانع حمل تک رسائی ملی ہےاورسال 2000 سے لیکر اب تک کے دوران زچگی اموات میں 34 فیصد کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت غیر مساویانہ اور غیر مستحکم ہے،اکیسویں صدی میں تقریباََ 800 خواتین ہر روز غیر ضروری طور پر دوران حمل اور زچگی وفات پا جاتی ہیں جن میں سے اکثریت کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے۔

انہوں نے کہا اس سال کے عالمی یوم آبادی کا عنوان اس بات کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ اعداد شمار اکٹھا کرنا مسائل کو سمجھنے،ان کے حل ، ترقی اور مالیات  کیلئے اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئیے آئی سی پی ڈی پروگرام آف ایکشن کو ہر جگہ سب کے لئے پیش کرتے ہیں انہوں نے  ممالک پر زور دیا کہ وہ پائیدار ترقی کے لیے کم سرمایہ کاری پر رواں سال ستمبر میں ہونے والے مستقبل کے سربراہ اجلاس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔