اکرا (شِنہوا) اقوام متحدہ (یو این) امن فوج کا وزارتی اجلاس 2023 گھانا کے دارالحکومت اکرا میں شروع ہوگیا،جس کا مقصد اقوام متحدہ کی امن فوج کو درپیش چیلنجزکا حل تلاش کرنا اور دنیا بھر میں قیام امن کی کارروائیوں کو مزید موثر بنانے کے لیے ٹھوس نتائج کی جانب کام کرنا ہے۔ اجلاس میں 600 سے زائد مندوبین، جن میں دفاع اور خارجہ امور کے وزراء اور دیگر اعلیٰ حکومتی اورفوجی حکام شریک ہیں۔ گھانا کے نائب صدر مہامودو باومیا نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اس سال کا اجلاس ایک نازک وقت پر ہو رہا ہے۔ امن مشنز جو اقوام متحدہ کا سب سے جدید اور طاقتور عنصرہے جس سے افریقی براعظم سمیت دنیا کے بہت سے حصوں میں امن اور استحکام قائم ہوا ہے کو آج نئے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے مندوبین پر زور دیا کہ وہ تنازعات کی روک تھام کے لیے مضبوط موقف اختیار کریں، جس میں ایسے اقدامات بھی شامل ہوں جو کسی بھی انسانی معاشرے کے استحکام کو متاثر کرنے والے تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے میں معاون ہوں۔