اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل برائے مشرق وسطیٰ ، ایشیا و بحرالکاہل خالد خیری نے اسرائیل کے وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر کی جانب سے مشرقی بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے احاطہ کا دورہ کرنے کے بعد پیدا ہونیوالی کشیدگی کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ عہدیدار نے متنبہ کیا کہ ہم ماضی میں بھی متعدد بار دیکھ چکے ہیں ، بیت المقدس کے مذہبی مقامات انتہائی حساس ہیں اور وہاں رونما ہونیوالا کوئی بھی واقعہ یا کشیدگی مقبوضہ فلسطینی علاقے، اسرائیل اور خطے کے دیگر مقامات تک پھیل کر تشدد کا باعث بن سکتی ہے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کو ایک بریفنگ میں بتایا کہ اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے میں سیکرٹری جنرل کے اس مطالبہ کی حمایت کرتا ہوں جس میں تمام فریقین سے کہا گیا ہے کہ وہ اردن کی ہاشمی بادشاہت کے خصوصی کردار کی روشنی میں مذہبی مقامات کی مستقل حیثیت کو ہمیشہ برقرار رکھنے ، مذہبی مقامات اور ان کے اردگرد تناؤ میں اضافہ کا باعث بننے والے اقدامات اٹھانے سے گریز کریں۔
مسجد اقصی کا احاطہ جسے یہودی ٹیمپل ماونٹ کے نام سے جانتے ہیں مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کیلئے مقدس مقام ہے۔