اسلام آباد (شِنہوا) پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے جنوبی ایشیائی ملک کی پہلی چینی نیوز سروس کا آغاز کیا ہے۔
چائنہ نیوز ڈیسک کے ایڈیٹرز نے شِنہوا کو بتایا کہ نئی شروع کی جانے والی سروس بین الاقوامی، مقامی اور چین سے متعلق خبروں کو چینی زبان میں شائع کرے گی۔
اے پی پی میں چینی نیوز سروس کے انچارج سینئر سفارتی نامہ نگار فرقان راؤ نے کہا کہ ان کا ادارہ انگریزی، اردو اور پاکستان کی دیگر مقامی زبانوں میں خبریں شائع کرتا رہا ہے۔
راؤ نے شِنہوا کو بتایا کہ اس سروس کا بنیادی مقصد چینی عوام کو پاکستان، اس کی ترقی، ثقافت اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی پیشرفت کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئی سروس سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ اینی شیٹو (بی آر آئی) کے خلاف جعلی پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر بھی کام کرے گی۔