تہران (شِںہوا) چین کے شہر ہانگ ژو میں 19 ویں ایشیائی کھیلوں کے آغاز میں بہت کم وقت بچا ہے جس کا ایرانی ٹیبل ٹینس شائقین بے صبری سے انتظار کررہے ہیں.
انہوں نے کہا ہے کہ وہ کھیلوں کے بڑے ایونٹ کے دوران اعلیٰ درجے کے مقابلوں اور اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو دیکھنے کے منتظر ہیں۔
موسم گرما کی گرم سہ پہر میں جب درختوں کے سائے گہرے ہوکر راہگیروں کو تیز شعاعوں سے محفوظ کرتے ہیں تو شائقین شمالی تہران کے ملت (نیشن) پارک میں آنا شروع ہوجاتے ہیں جہاں ٹیبل ٹینس کی کئی میزیں موجود ہیں۔
ان کا تعلق زندگی کے مختلف شعبوں اور عمر کے مختلف حصوں سے ہوتا ہے جن میں بچوں سے لیکر بزرگ تک شامل ہوتے ہیں اور جب وہ پارک کے اس حصے میں آتے ہیں تو اپنے ساتھ خصوصی جوش و خروش ،خوشی اور زبردست توانائی لیکر آتے ہیں۔ یہ تنہائی کی ایک اچھی جگہ ہے جہاں کچھ گھنٹے یکسوئی سے ایک کتاب پڑھنے میں گزارے جاسکتے ہیں۔
دوپہر میں بلیوں کی نیند کا بستر بنی تمام میزیں چند منٹ میں ہی 2 اور 4 کے گروپس سے بھرجاتی ہیں جو ٹیبل ٹینس کھیلنے کے لئے وارم اپ شروع کردیتے ہیں۔
فٹبال یا کُشتی کے بڑی تعداد میں مداحوں والے ملک میں لوگوں کی ٹیبل ٹینس میں دلچسپی حیران کن بات ہے۔
64 سالہ غلام رضا محرمی نے بتایا کہ وہ تقریباً 20 برس سے مسلسل ٹیبل ٹینس کھیل رہے ہیں اور انہیں اس کھیل میں خاص دلچسپی ہے۔ انہوں نے فٹبال اور جوڈو سے لیکر ریسلنگ تک کئی کھیل کھیلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمررسیدہ ہونے کے سبب دل کی سرجری ہوئی جس کے بعد شدید جسمانی سرگرمیوں پر مشتمل کھیلوں میں حصہ لینا مشکل ہوگیا ،اس لئے اب انہوں نے ٹیبل ٹینس کھیلنا شروع کردیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں ٹیبل ٹینس بہت پسند ہے کیونکہ یہ ایک بہت ہی دلچسپ کھیل ہے جس سے کھلاڑیوں کو مختلف قسم کی حرکات و سکنات کے مظاہرے کا موقع ملتا ہے۔
محرمی نے کہا کہ ٹیبل ٹینس میں وہ خاص طور پر ڈبلز میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اپنے دوستوں کے ساتھ ملکر وہ زیادہ تر ڈبلز فارمیٹ میں کھیلتے ہیں۔