تہران(شِنہوا)ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے ملک کی وزارت خارجہ کو حکم دیا ہے کہ وہ مصر کے ساتھ سفارتی تعلقات کو دوبارہ شروع کرنے اور ترقی دینے کے لیے ضروری اقدامات کرے۔
ایران کی نیم سرکاری خبرایجنسی تسنیم کے مطابق ایرانی حکومت کے ترجمان علی بہادری جہرومی نے یہ بات منگل کو تہران میں ہفتہ وار پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ایک روز قبل ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے کہا تھا کہ ان کا ملک مصر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کی بحالی کا خیرمقدم کرتا ہے اور اس سلسلے میں انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بات دورے پر آئے ہوئے اومان کے سلطان ہیثم بن طارق السعید کے ساتھ ملاقات میں کہی جنہوں نے اس ماہ کے اوائل میں قاہرہ کا دورہ کیا تھا اور ایران کے ساتھ تعلقات دوبارہ شروع کرنے کے لیے مصر کی آمادگی کا اظہار کیا تھا۔