تہران(شِںہوا) ایران کی پارلیمنٹ نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ کینیڈا کی فوج کو ایک دہشت گرد ادارہ قرار دے۔
ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق یہ مطالبہ پا رلیمنٹ نے ایک قرارداد میں کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ قرارداد جسے پارلیمنٹ کے اوپن سیشن میں پیش کیا گیا، کو کینیڈین حکومت کی طرف ایران کے پاسدارانِ انقلاب کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کا جواب قرار دیا گیا ہے۔
اس قرار دار کے مطابق ایرانی انتظامیہ کنیڈین فوج اور کینیڈا حکومت سے منسلک مسلح اور سکیورٹی فورسز کو دہشتگرد ادارےقرار دینے کی پابند ہو گی۔
اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے 250 اراکین نے ایک بیان پر دستخط کیے جس میں پاسدارانِ انقلاب کو بلیک لسٹ کرنے کے کینیڈا کی حکومت کے اشتعال انگیز اقدام کی مذمت کی گئی۔
ایرانی قانون سازوں نے پاسدارانِ انقلاب کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کینیڈین حکومت کے اس اقدام کو غیر دانشمندانہ اور تمام بین الاقوامی قوانین اور ضوابط سے متصادم قرار دیا اور ایرانی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کینیڈا کے اقدام کی مذمت کے لیے اپنے تمام دستیاب سیاسی اور بین الاقوامی ذرائع استعمال کریں۔