تہران(شِنہوا)ایران کے وزیر برائے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی عیسی زری پور نے کہا ہے کہ ایران شام کو مواصلاتی سیٹلائٹس بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارناکے مطابق وزیر نے یہ بات شام کے دارالحکومت دمشق کے اپنے دو روزہ دورے کے دوران ایک اجلاس کے موقع پرکہی۔
زری پورنے کہا کہ اس دورے کے دوران انہوں نے شامی فریق کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے اور شام کے وزیر مواصلات اور ٹیکنالوجی ایاد محمد الخطیب اور ان کے نائبین کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی مواصلاتی مصنوعات کی شام کو برآمدات کو بڑھانے کے حوالے سے کئی سمجھوتوں پر اتفاق کیا گیا، انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے دیگر دو طرفہ امور کے علاوہ ضروری شامی انفراسٹرکچر کی ترقی میں نجی ایرانی کمپنیوں کی شرکت کے بارے میں بات چیت کی۔
زری پور نے کہا کہ ایران دنیا کے ان 10 ممالک میں شامل ہے جو سیٹلائٹس بنانے اور زمین کے نچلے مدار میں انہیں لانچ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔