تہران(شِنہوا) ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے ایک دن قبل اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے گفتگو کی ہے، جو کہ سال 2016ء میں تعلقات منقطع ہونے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ ترین سطح پر ہونیوالی بات چیت ہے۔
امیر عبداللہیان نے بدھ کے روز اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے عربی زبان میں ٹویٹ کیا کہ گزشتہ روز اردن میں منعقدہ بغداد کانفرنس برائے تعاون و شراکت داری کے موقع پر اپنے بعض ہم منصبوں جیسے عمان ، قطر ، عراق ، کویت اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کے ساتھ دوستانہ بات چیت کا موقع ملا ہے۔
امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ سعودی وزیر نے انہیں بتایا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کیلئے تیار ہے۔
سعودی عرب کی جانب سے ابھی تک امیر عبداللہ کے ریمارکس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔
سعودی عرب نے 2016ء کے اوائل میں مملکت میں ایک شیعہ عالم کو پھانسی دینے پر ایران میں سعودی سفارتی مشن پر حملوں کے جواب میں ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔