تہران(شِنہوا)ایران نے ہیلی کاپٹر حادثے میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کردیاہے۔
گزشتہ دنوں ہونے والے اس حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اپنے ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔
سرکاری خبر ایجنسی ارنا کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے جنرل اسٹاف نے گزشتہ روز ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات کے بارے میں دوسری رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے ملبے اور پرزہ جات کے ٹیسٹ کے نتائج کے علاوہ جائے وقوعہ پر جس طرح سے باقیات بکھری ہوئی اور ہیلی کاپٹر کے مرکزی حصے سے ان کی دوری کو دیکھتے ہوئے اس بات کا کوئی امکان نظر نہیں آتا کہ دوران پرواز یا پہاڑوں پر ہیلی کاپٹر کے گرنے سے چند لمحے پہلے تخریب کاری کے نتیجے میں کوئی دھماکہ ہوا ہو۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر کو الیکٹرانک جنگ کے طریقہ کار سے گرائے جانے کی کوئی علامت نہیں ملی اور یہ کہ مشرقی آذربائیجان صوبے کے دارالحکومت تبریز واپسی کے راستے میں موسم کی خراب صورتحال کے پیش نظر مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔