تہران(شِنہوا)ایران نے ممکنہ جوہری معاہدے کے یورپی یونین کے مسودے میں اپنے نقطہ نظر پر امریکی ردعمل کے جواب دیدیے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جمعہ کے روز بتایا کہ امریکی جواب موصول ہونے کے بعد ایرانی ماہرین کی ٹیم نے اس کا بغور جائزہ لیا اور جمعرات کی شب اس کے جوابات یورپی یونین کے رابطہ کار کے پاس جمع کرائے گئے ہیں۔
ناصر کنعانی نے بتایا کہ جمع کرایا گیا متن ایک تعمیری نقطہ نظر رکھتا ہے جس کا مقصد مذاکرات کو حتمی شکل دینا ہے۔
ایران اور امریکہ یورپی یونین کی ایک حالیہ تجویز پر بالواسطہ طور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کر رہے ہیں جس کا مقصد مشترکہ جامع عمل منصوبہ (جے سی پی او اے) کے نام سے معروف2015ء کے جوہری معاہدے کی بحالی بارے بقایا مسائل کو حل کرنا ہے۔