ایرانی وزارت خارجہ نےایک بیان میں کہا کہ یہ جوابی اقدام دہشت گردی اوردہشت گرد گروہوں کی حمایت کرنے والے ان عناصر کے خلاف اٹھایا گیا ہے جو دہشت گردکارروائیوں اور ایرانیوں کے خلاف تشدد کی حوصلہ افزائی کرنے، ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے، ایران کے بارے میں غلط معلومات پھیلانے اور ملک کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کو بڑھانے میں ملوث ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پابندیوں میں یورپی یونین کے 13 اداروں ،15 افراد اور برطانیہ کے 8 افراد کا احاطہ کیا گیا ہےجن کے تحت ایرانی مالیاتی اور بینکاری کے نظام کے تحت انکے اکاؤنٹس اور لین دین کو بلاک کرنا، ایران کے اندر انکے اثاثے منجمد کرنا اور ان کے ویزے جاری کرنے اور ایران کی سرزمین میں داخلے پر پابندیاں شامل ہیں۔
یورپی یونین نے پیر کے روز ایران میں حالیہ مظاہروں پر تہران کے ردعمل پر 32 ایرانی افراد اور دو اداروں پرمزید پابندیاں عائد کیں تھیں جس سے پابندیوں کی فہرست میں ایرانی افراد اور اداروں کی کل تعداد بالترتیب 196 اور 33 ہوگئی۔ برطانیہ اور امریکہ نے بھی ایران پر نئی پابندیاں عائد کیں تھیں۔