تہران(شِہنوا)ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اپنے ملک کو رکاٹوں،چیلنجز اور بحران سے نکالنا مستقبل میں ایک بڑا امتحان ہو گا۔
سرکاری نیوز ایجنسی ایرنا کے مطابق انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار ملک کے 14 ویں صدارتی انتخابات کے رن آف مرحلے میں سعید جلیلی کے مقابلے میں کامیابی کے بعد امام خمینی کے مزار پر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایران کے عوام کی خدمت کرنے کیلئے تیار ہیں اور وعدہ کیا کہ وہ ان کےتحفظات کو سے غور سنیں گے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ میری انتظامیہ کو چیلنجنگ حالات کا سامنا ہے، انہوں نے تناؤ اور مشکلات کو کم کرنے کیلئے ایرانی پارلیمنٹ کیساتھ ملکر کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
مسعود پزشکیان نے اپنی انتخابی مہم کے وعدوں کی صداقت پر زور دیا ار اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وہ وعدے کیے ہیں جن کو پورا کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں ۔
انہوں نے تمام معاشی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی شعبوں میں معاشرے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ملک کی اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کے درمیان مکالمے، اتحاد اور قومی اتفاق رائے کو فروغ دینے کے اپنےعزم اظہار کیا۔
رن آف انتخابات میں مسعود پزشکیان نے1 کروڑ 63 لاکھ 84 ہزار 403 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل سعید جلیلی نے 1 کروڑ 35 لاکھ 38 ہزار 179ووٹ حاصل کیے۔
اس سے قبل ایران کے رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای نے ایک ملاقات میں مسعود پزشکیان کا استقبال کیا اور انہیں فتح پر مبارکباد دی۔