• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 1st, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ایران کی اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصیٰ کے توہین آمیز دورے پرشدید تنقیدتازترین

January 04, 2023

تہران(شِنہوا)ایران نے انتہائی دائیں بازو کے اسرائیلی وزیر کی جانب سے مشرقی بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے احاطے کے دورے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مقدس مقام کی توہین اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے وزارت کی ویب سائٹ پر شائع ہونیوالے ایک بیان میں نئی انتہا پسند اسرائیلی حکومت کے تخریب کارانہ اور اشتعال انگیز اقدامات کیخلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی توہین آمیز حرکتیں دنیا بھر کے مسلمانوں کی اقدار اور مقدسات کی توہین کے مترادف ہیں۔

فلسطینیوں کی آزادی اور بیت المقدس کو عالم اسلام کی اولین ترجیحات کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے ناصر کنعانی نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی عوام اور بیت المقدس کے خلاف جارحیت اور وحشیانہ کارروائیوں کو روکے۔

قبل ازیں منگل کے روز اسرائیل کی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے مشرقی بیت المقدس میں حساس ترین مقدس مقام مسجد اقصیٰ کا دورہ کیا تھا جس پر فلسطینیوں اور مشرق وسطیٰ کے اسلامی ممالک کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔