تہران(شِنہوا) ایران نے مغرب کے کم از کم چار اداروں اور 15 اہلکاروں کو دہشت گردوں کی بلیک لسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے،ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات چند گھنٹوں میں جاری کردی جائیں گی۔
نیم سرکاری خبرایجنسی تسنیم کے مطابق وزیرخارجہ حسین امیرعبداللہیان نے بدھ کو تہران میں ایک انسٹی ٹیوٹ کے دورے کے دوران کہا کہ ان افراد اور اداروں نے ایران پر طبی پابندیاں عائد کرنے اور تشدد اور انتہا پسندی کو فروغ دینے میں کردار ادا کیا ہے جس کی وجہ سے 22 سالہ مہسا امینی کی موت کے بعد حالیہ بدامنی کے دوران ملک میں عدم تحفظ کی فضا پیدا ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بعض ممالک نے یکطرفہ پابندیوں کو انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کے ایک جدید ٹول میں تبدیل کر دیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ان ممالک نے امینی کی موت کے بعد مگرمچھ کے آنسو بہائے اورلوگوں کے جذبات کا غلط استعمال کرتے ہوئے ایران میں "فسادات اور دہشت گردی" بھڑکانے کی کوشش کی۔