• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 18th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

ایران کے 6 آئل فیلڈزسے تیل نکالنے کے لئے 13 ارب ڈالر کے معاہدےتازترین

March 18, 2024

تہران (شِنہوا) ایران کی نیشنل ایرانین آئل کمپنی (این آئی او سی) نے متعدد مقامی کمپنیوں کے ساتھ 6 آئل فیلڈزسے تیل نکالنے کے لئے 13 ارب امریکی ڈالر کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔

ایرانی وزارت تیل سے منسلک شانا نیوزایجنسی کے مطابق معاہدے پر دستخط کی تقریب ایرانی دارالحکومت تہران میں ہوئی جس میں ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر، وزیر تیل جواد اوجی اور این آئی او سی کے منیجنگ ڈائریکٹر محسن خوجاستہ مہر نے شرکت کی۔

شانا کے مطابق ان معاہدوں کا تعلق ایران کے مغرب اور جنوب مغرب میں واقع آزادگان، آذر، مسجدسلیمان، سومر، سامن اور دلاوران آئل فیلڈز میں تیل کی تلاش سے ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران کی عراق کے ساتھ  سب سے بڑی مشترکہ آئل فیلڈآزادگان کی "مربوط" ترقی کے لئے 11.5 ارب ڈالر مالیت کے 20 سالہ معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں، یہ معاہدہ دشت آزادگان اروند آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کے ساتھ کیا گیا۔

آزادگان فیلڈ کو عراق میں مجنون کے نام سے پکارا جاتا ہے جو ایران کے جنوب مغربی صوبے خوزستان میں واقع ہے۔ معاہدے کا مقصد یہاں سے تیل کی پیداوار کو 2 لاکھ 5 ہزار سے بڑھاکر 5 لاکھ 50 ہزار بیرل یومیہ کرنا ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ آذر آئل فیلڈ کے لیے سروق آذر انجینئرنگ اینڈ ڈیولپمنٹ کمپنی کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے، یہ بھی عراق کے ساتھ مشترکہ ایک اور آئل فیلڈ ہے جو ایران کے مغربی صوبے ایلام میں واقع ہے۔  یہ معاہدہ بھی 20 سالہ مدت پر مشتمل ہے جس کی مالیت 1.03 ارب ڈالر ہےجس کا مقصد آئل فیلڈ سے تیل کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔