تہران (شِنہوا) ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان اور ان کے مصری ہم منصب سامح شکری نے فلسطینیوں پر جاری حملوں کو فوری طور پر روکنے اور غزہ کی پٹی میں امداد بھیجنے کی ضرورت پر زوردیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر پیر کو شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق، گزشتہ رات فون پر ہونے والی گفتگو میں، دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی شدید مخالفت کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مصر کی جانب سے غزہ میں جاری بحران پر بات چیت کے لیے قاہرہ کانفرنس برائے امن کے انعقاد اور تنازعہ کے خاتمے کی کوششوں اور غزہ کے لیے امداد بھیجنے کو سراہا۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ ایرانی ہلال احمر مصر کے راستے غزہ کے لیے امداد بھیجنے کے لیے تیار ہے۔