تہران(شِنہوا)ایران اور عمان نے خلائی شعبے میں تعاون شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر تہران میں ایرانی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی عیسیٰ زری پور اور عمانی وزیر ٹرانسپورٹ، مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سعید بن حمود المعالی کے درمیان ملاقات میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر نے کہا کہ ان کا ملک ریموٹ سینسنگ اور مواصلاتی مصنوعی سیارہ زمین کے نچلے مدار میں بھیجنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس شعبے میں عمان کے ساتھ تعاون کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے مسقط کے حالیہ دورے کے بعد باہمی تعاون نے بہتر شکل اختیار کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں وزراء نے ڈیٹا ٹرانزٹ اور پوسٹل سروسز کے شعبوں میں تعاون شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر عمانی وزیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مواصلات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے متعدد امکانات موجود ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کا شعبہ دو طرفہ تعاون کا ایک اور اہم شعبہ ہے۔
ارنا کے مطابق دونوں ممالک کی قومی ڈاک کمپنیوں نے ملاقات کے اختتام پر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔