ادیس ابابا(شِنہوا) افریقی یونین (اے یو) کمیشن کے چیئرپرسن موسی فاکی مہامت نے اسرائیل-فلسطین تنازعہ کا سیاسی حل نکالنےکا مطالبہ کیا ہے۔
پین-افریقی بلاک کے چیئرپرسن نے ان خیالات کا اظہار افریقی یونین کی ایگزیکٹو کونسل کے 44ویں عام اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو بدھ کو ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں اے یو کے ہیڈکوارٹرز میں شروع ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس جنگ اور اس سے متعلق ناقابل بیان مظالم کے ابتدائی اوقات میں، لڑائی کے خاتمے، تمام یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی اور ایک سیاسی حل کے لیے پُرعزم کوششوں کا مطالبہ کیا تھا ، جس کی بنیاد دو ریاستوں کے قیام کے اصولوں پر ہے جہاں فلسطینی اور اسرائیلی عوام اور خطے کے تمام لوگوں کی مکمل حفاظت کے ساتھ امن اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے ساتھ رہ سکیں۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امن اور سلامتی صرف انصاف اور تمام فریقین کے بنیادی حقوق کو تسلیم کرنے سے ہی ممکن ہے، فاکی نے بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے حالیہ فیصلے کا خیرمقدم اور اس سلسلے میں جنوبی افریقہ کے مضبوط عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔